چار ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے، سیکیورٹی ذرائع
اسلام آباد (الفجرآن لائن) افواج پاکستان کے فعال اور مستعد ایئر ڈیفنس سسٹم نے بدھ کی صبح افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے 8 ڈرونز کو مار گرایا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان اور پاک فضائیہ نے عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی کوشش کو پیشہ ورانہ انداز میں ناکام بنا دیا۔ذرائع کے مطابق ڈرونز کی دراندازی افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشتگردوں کی براہ راست معاونت اور سرپرستی کا مزید ثبوت ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات افواج پاکستان نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان رجیم کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں نشانہ بنایا تھا۔افواج پاکستان ملک اور عوام کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

