جوسک میں فائرنگ کا تبادلہ، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی؛ سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری
تربت (الفجرآن لائن) بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلع تربت کے علاقے جوسک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جوسک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ، کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

