لاہور (الفجرآن لائن) گیس کی مسلسل قلت اور بڑھتے ہوئے سردیوں کے بحران پر قابو پانے کے لیے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے اپنے صارفین کے لیے متبادل توانائی پر مبنی سولر واٹر ہیٹر متعارف کرانے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گیس پر انحصار کم کرنے اور صارفین کو گرم پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایس این جی پی ایل نے آسان اقساط کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت صارفین کو سولر واٹر ہیٹر 12 آسان ماہانہ اقساط میں فراہم کیا جائے گا۔ سولر واٹر ہیٹر کی مجموعی قیمت ایک لاکھ 28 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے، جس کی ماہانہ قسط 10 ہزار 700 روپے ہوگی۔
کمپنی حکام کے مطابق اس سولر واٹر ہیٹر میں 200 لیٹر کی گنجائش کا ٹینک فراہم کیا جائے گا۔ یہ سسٹم جدید سولر ہائبرڈ ٹیکنالوجی سے لیس ہے جس میں بجلی (الیکٹرک سسٹم) کے ذریعے بھی آپریشن کی سہولت موجود ہوگی تاکہ بادل یا سخت موسم میں بھی پانی گرم رہے۔ علاوہ ازیں پانی کے درجہ حرارت اور ہیٹنگ کو جدید وائی فائی (Wi-Fi) ٹیکنالوجی کے ذریعے سمارٹ فون سے کنٹرول کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔صارفین سولر واٹر ہیٹر کی خریداری اور بکنگ کے لیے کمپنی کی ویب سائٹ پر آن لائن رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1199 پر بھی رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے گیس کی کھپت میں نمایاں کمی آئے گی اور صارفین کو متبادل و سستا ذریعہ میسر ہوگا۔

