لاہور سے اسلام آباد جانے والی تمام مال بردار اور بھاری گاڑیوں کیلئے موٹروے M-2 پر پابندی عائد آمد و رفت پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، شہری متبادل راستے اختیار کریں، موٹروے پولیس حکام
لاہور (الفجرآن لائن) موٹروے پولیس اور انتظامیہ نے ایم ٹو (M-2) موٹروے پر لاہور سے اسلام آباد جانے والی تمام بڑی گاڑیوں اور کارگو (مال بردار) وہیکلز کے داخلے پر فوری پابندی عائد کر دی ہے، جس کا رسمی اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کی جانب سے جاری کردہ اضطراری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لاہور سے اسلام آباد کے لیے ایم ٹو موٹروے پر تمام قسم کی بھاری ٹریفک، بشمول ٹرالرز، ٹرک اور دیگر کارگو وہیکلز کی رفت و آمد پر مکمل پابندی رہے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور روڈ سیفٹی اقدامات کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس نے تمام ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر پر روانگی سے قبل متبادل روٹس کا انتخاب کریں تاکہ کسی بھی قسم کی زحمت اور پریشانی سے بچا جا سکے۔ پولیس کی جانب سے ٹول پلازوں اور داخلے کے مقامات پر بھاری گاڑیوں کو واپس موڑنے اور ہدایت جاری کرنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے

