آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت میناز میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنہ الہندوستان کا ایک دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ میناز، بولیدہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے۔
میر سرفراز بگٹی کے مطابق دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی سیکیورٹی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک ریاستی عزم غیر متزلزل رہے گا۔

