![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/image_editor_output_image169755936-1719426160295.jpg)
کوئٹہ(الفجرآن لائن)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گرد کارروائیوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ بھارت دہشت گردوں کی مالی مدد کرتا ہے۔ نوجوان دشمن کے عزائم کو پہچانیں ان کی باتوں میں نہ آئیں۔ گمراہ لوگ اپنے ملک صوبے اور لوگوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ جو نوجوان باہر بیٹھے ہوئے ہیں انہیں ورغلایا گیا ہے۔
یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں بلوچستان میں دہشت گردی کے لیے اڈے بنانے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 کمانڈرز کو گرفتارکرنے کا اعلان کرتے ہوئے میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ گرفتار دہشتگرد نصراللہ عرف مولوی منصور کالعدم ٹی ٹی پی کی دفاعی شوری کا کمانڈر بھی شامل ہے، جس نے اپنے بیان میں بی ایل اے اور را کے ناپاک عزائم کا انکشاف کیا ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے بتایا کہ دہشت گردی کا ایک اہم نیٹ ورک پکڑا ہے، جس میں کالعدم تنظیم کے 2 اہم کمانڈرز کو گرفتار کیا گیا ہے، جس میں کمانڈر نصر اللہ عرف مولوی منصور اور کمانڈر ادریس عرف ارشاد شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کالعدم تنظیم کے دہشت گرد نصر اللہ کو ایک مشکل آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ دہشت گرد کارروائیوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ بھارت دہشت گردوں کی مالی مدد کرتا ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ نوجوان دشمن کے عزائم کو پہچانیں ان کی باتوں میں نہ آئیں۔ گمراہ لوگ اپنے ملک صوبے اور لوگوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ جو نوجوان باہر بیٹھے ہوئے ہیں انہیں ورغلایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یا دنیا کو کسی شک کی گنجائش نہیں رہنی چاہیے کہ ان تمام شورش کے پیچھے عالمی سطح کے دہشت گرد بھارت کا ہاتھ ہے، جس کی کارروائیوں سے امریکا اور کینیڈا تک میں لوگ محفوظ نہیں ہیں۔ پاکستان میں تو 20 سال سے یہ افغانستان میں بیٹھ کر صرف پیسے کا استعمال کر کے دہشت گردی کروا رہا ہے۔