2,935 ترقیاتی منصوبوں میں سے 2,632 کا دورہ مکمل، 90 فیصد منصوبے مکمل ہونے کی بریفنگ؛ اکتوبر میں 51 کھلی کچہریوں کے دوران 686 شکایات موصول ہوئیں
کوئٹہ (الفجر آن لائن) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی، سرکاری محکموں کی کارکردگی اور شہریوں کی شکایات کے ازالے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کے معیارِ زندگی میں مزید بہتری لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے تمام سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کو اپنی ذاتی ذمہ داری سمجھیں اور شفافیت، احساسِ ذمہ داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی سطح پر حکومتی اقدامات کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچائے جائیں۔
کانفرنس کو ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیکشن نے مجموعی طور پر 2 ہزار 935 ترقیاتی منصوبوں میں سے 2 ہزار 632 منصوبوں کا دورہ کیا ہے، جبکہ بریفنگ کے مطابق 90 فیصد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ بی ایس ڈی آئی کے تحت 4 ہزار 63 منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 181 منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت اور مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل کرایا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
کانفرنس میں عوامی شکایات کے ازالے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اکتوبر کے دوران صوبے بھر میں 51 کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں، جن میں شہریوں کی جانب سے مجموعی طور پر 686 شکایات موصول ہوئیں۔
چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو سرکاری اداروں سے حقیقی ریلیف مل سکے۔
شکیل قادر خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے تاکہ منافع خوری کی روک تھام ہو اور عام شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
کانفرنس کے اختتام پر چیف سیکرٹری نے تمام اضلاع میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

