چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سمیت پانچ ججز مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے، بلوچستان ہائی کورٹ اور سروس ٹریبونل کے فیصلوں کے خلاف دائر درخواستیں زیرِ سماعت آئیں گی
اسلام آباد/کوئٹہ (الفجر آن لائن) سپریم کورٹ آف پاکستان کے دو بنچز 4 سے 6 نومبر 2026ء تک کوئٹہ میں مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان مقدمات میں بلوچستان ہائی کورٹ اور بلوچستان سروس ٹریبونل کے فیصلوں اور احکامات کے خلاف دائر درخواستیں شامل ہیں۔
جاری کردہ عدالتی شیڈول کے مطابق 4 اور 5 نومبر 2026ء کو جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ پر مشتمل بنچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔
شیڈول کے مطابق 6 نومبر کو دو الگ الگ بنچز مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بنچ اوّل میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہوں گے، جبکہ بنچ دوم میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ فرائض انجام دیں گے۔
سپریم کورٹ کے جاری کردہ شیڈول کے تحت کوئٹہ میں سماعت کے لیے مقرر مقدمات کی مکمل فہرست عدالتِ عظمیٰ کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
متعلقہ فریقین اور وکلا مقدمات کی تفصیلات، کاز لسٹ اور سماعت سے متعلق معلومات کے لیے سپریم کورٹ کی سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں:

