بلوچستان میں سرکاری خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے، مشیر ترقیِ نسواں؛ سول سروسز اکیڈمی میں 30 سرکاری افسران کے لیے ڈیجیٹل گورننس کا تین روزہ تربیتی کورس شروع
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل سروس ڈلیوری جدید طرزِ حکمرانی کا بنیادی تقاضا ہے، جس کے ذریعے سرکاری خدمات کی فراہمی میں شفافیت، تیزی اور مؤثریت لانے کے ساتھ عوامی مشکلات کم اور سرکاری اداروں پر شہریوں کا اعتماد مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سول سروسز اکیڈمی میں ڈیجیٹل سروس ڈلیوری کے موضوع پر منعقدہ افتتاحی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جیسے وسیع رقبے اور دور دراز آبادیوں پر مشتمل صوبے میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کا فروغ خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس کے ذریعے سرکاری خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچانے، دفتری پیچیدگیاں کم کرنے اور مختلف محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ڈیجیٹل گورننس محض ٹیکنالوجی کے استعمال کا نام نہیں بلکہ سرکاری نظام میں اصلاحات، شفافیت، جوابدہی اور عوامی ضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی کا ایک جامع طریقہ کار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے، اس لیے سرکاری افسران کے لیے ضروری ہے کہ وہ جدید انتظامی مہارتوں، ڈیجیٹل گورننس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال سے متعلق اپنی استعدادِ کار میں مسلسل اضافہ کریں تاکہ سرکاری امور کو زیادہ مؤثر، تیز رفتار اور عوام دوست بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سرکاری امور کی ڈیجیٹلائزیشن اور عوامی خدمات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ڈیجیٹل سروسز کے فروغ سے عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان فاصلے کم کیے جا سکتے ہیں، جبکہ روایتی دفتری طریقہ کار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوگا۔
صوبائی مشیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈیجیٹل سہولیات کی منصوبہ بندی اور فراہمی میں خواتین کی ضروریات کو خصوصی اہمیت دی جائے تاکہ انہیں صحت، تعلیم، سماجی تحفظ اور دیگر بنیادی سرکاری خدمات تک آسان رسائی حاصل ہو، بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بلوچستان سول سروسز اکیڈمی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ تربیت، انتظامی استعدادِ کار میں اضافے اور جدید طرزِ حکمرانی کے تقاضوں سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے ڈائریکٹر جنرل بلوچستان سول سروسز اکیڈمی حفیظ جمالی کی کاوشوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ افسران کی تربیت، جدید انتظامی مہارتوں کے فروغ اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق تربیتی سرگرمیاں اہمیت کی حامل ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان سول سروسز اکیڈمی نے اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان کے اشتراک سے صوبائی محکموں

