طلبہ کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت بلوچستان کا اقدام، پرنسپل پروفیسر شبیر احمد بڑیچ کے حوالے بس کی چابیاں؛ تعلیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی
زیارت (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر حکومت بلوچستان نے طلبہ کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے الہجرہ ریزیڈنشل اسکول اینڈ کالج، جناح کیمپس زیارت کو نئی بس فراہم کر دی ہے۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران ادارے کے پرنسپل پروفیسر شبیر احمد بڑیچ کو نئی بس کی چابیاں حوالے کی گئیں۔ اس موقع پر سیکریٹری ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ محمد ہاشم غلزئی، ایڈیشنل سیکریٹری عبدالمالک اچکزئی، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر حسین بلوچ، ڈائریکٹر کالجز سردار صادق کبزئی اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بھی موجود تھے۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ نئی بس سے ادارے کے طلبہ کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ انہیں درپیش سفری مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔ اس اقدام سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے اور تعلیمی ماحول بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر ادارے کی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، سیکریٹری ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن اور محکمہ کالجز حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو جدید اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت بلوچستان کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، جبکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول اور سفری سہولیات فراہم کرنا تعلیمی ترقی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

