پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف، مہنگائی میں کمی اور عوامی فلاحی اقدامات زیرِ غور، نواز شریف کی معاشی استحکام کے لیے حکومتی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت
لاہور (الفجر آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ مہنگائی میں کمی اور عوام کو مزید سہولتیں دینے سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ ملاقات میں ملک کی داخلی اور خارجی سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اختلافات کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت کی بنیادی ترجیح مہنگائی کی شرح میں مزید کمی اور بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کو ایسا ریلیف فراہم کرنا ہے جس کے اثرات عوام عملی طور پر محسوس کرسکیں۔
اس موقع پر نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو معاشی استحکام کے لیے جاری اقدامات مزید تیز کرنے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔

