
راولپنڈی (الفجرآن لائن) اڈیالہ جیل میں گھسنے کی کوشش کرنیوالے کار سوار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی رات ساڑھے 10 بجے ایک کار سوار ڈرائیور اڈیالہ جیل راولپنڈی کے گیٹ نمبر 5 کا بیریئر توڑ کر اندر داخل ہوگیا جس پر ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی عملے نے سمندری سے تعلق رکھنے والے ملزم مبشر حسین کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ۔
اڈیالہ چوکی انچارج آفتاب احمد کی مدعیت میں درج مقدمے کے متن کے مطابق ملزم مبشر حسین نے جیل عملے پر گاڑی چڑھانے اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی،گاڑی کی ٹکر سے کانسٹیبل فہد گر گیا اور بمشکل جان بچائی۔مقدمے میں کہا گیا ہے کہ گاڑی کی ٹکر سے بیریئر، مرکزی گیٹ اور چوکی گیٹ کو نقصان پہنچا، ملزم نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچا کر جرم کا ارتکاب کیا۔گاڑی کی ٹکر سے جیل گیٹ کا قبضہ ٹوٹا ،کنڈا کھلنے پر ملزم نے جیل کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس ، ایلیٹ فورس اور جیل سیکورٹی نے گھیرا ڈال کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ مقدمے کے مطابق ملزم کے زیر استعمال گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے۔