اسلام آباد میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں پاسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ و امیگریشن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نارمل پاسپورٹ کے اجراء کی مدت 21 دن سے کم کر کے 14 دن کر دی گئی ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ پاسپورٹ دفاتر میں آئندہ 15 دن کے اندر مکمل کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا۔وزیرِ داخلہ نے کہا کہ کیش ادائیگی کے خاتمے سے ایجنٹ مافیا کا سدباب ہو گا اور شہریوں کو سہولت ملے گی۔اُنہوں نے بزنس پاسپورٹ کے اجراء کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عوامی سہولت کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام ضروری ہے۔ اجلاس میں پاسپورٹ کی گھروں تک فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔