لاہور(الفجرآن لائن)محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں 17 جون سے 26 جون تک دفعہ 144 نافذ رہے گی جبکہ اس کے تحت 7 قسم کی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوس اور مجالس کے انعقاد کی اجازت ہو گی۔عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
صرف منظور شدہ جلوس اور مجالس کے انعقاد کی اجازت،عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد
عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر بھی پابندی ہو گی جبکہ فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات اور تبصروں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر کی اجازت نہیں ہو گی۔اسی طرح جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر پابندی ہو گی۔بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہو گا جبکہ ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ رہے گی
