لاہور (الفجرآن لائن) پاکستان کے معروف گلوکار ابرار الحق نے بالی ووڈ پر اپنے مشہور گانے ’نچ پنجابن‘ کے غیر قانونی استعمال اور چوری کا الزام عائد کیا ہے۔ابرار الحق نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں نے یہ گانا کبھی فروخت نہیں کیا تھا۔ انہوں نے خود ہی سمجھ لیا کہ انہیں حقوق حاصل ہیں۔
جب ہم نے سوال کیا تو انہوں نے ایک دلچسپ جواب دیا کہ اپنے دوست ہارون سے پوچھیں کیونکہ ہمیں یہ ان سے ملا ہے اس معاملے میں جعلی دستاویزات تیار کیے گئے اور ان کے دستخط بھی جعل سازی کے ذریعے استعمال کیے گئے۔ میں نے کہا کہ میں نے یہ گانا ہارون کو دیا ہی نہیں یہ میری ملکیت ہے۔ انہوں نے پھر وہی بات دہرائی کہ ہارون سے ہی پوچھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں جعلی دستاویزات تیار کیے گئے اور ان کے دستخط بھی جعل سازی کے ذریعے استعمال کیے گئے کیونکہ وہاں قانونی کارروائی بہت مہنگی ہے۔
ان کے مطابق یہ رویہ صرف ان کے ساتھ نہیں بلکہ کئی دیگر فنکاروں کے ساتھ بھی اپنایا گیا ہے۔ابرار الحق نے کہا کہ ہارون کا اس میں کوئی غلط کردار نہیں بلکہ انہوں نے بتایا کہ انہیں ایک بھارتی نمائندے نے کہا تھا کہ کسی اور کمپنی کی جانب سے ابرار الحق کے گانے کو غلط طریقے سے ریلیز کیا جا رہا ہے اس لیے انہیں کہا گیا کہ وہ تحریری طور پر لکھیں کہ گانا واپس لیا جا رہا ہے۔
تاہم اس خط کا مطلب ہرگز یہ نہیں تھا کہ گانے کے حقوق فروخت کر دیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ حیرت انگیز طور پر اس گانے پر مبنی پوری فلم بنائی گئی اور اسے فروخت کیا گیا جو ان کے مطابق سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر قانونی کارروائی بھی شروع کر دی ہے اور کیس اس وقت زیر سماعت ہے
