اسلام آباد (الفجر آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیءرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، بجٹ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر بھی چیءرمین پیپلز پارٹی کے ہمراہ موجود تھے، جبکہ حکومتی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر براءے اقتصادی امور احد چیمہ بھی شریک تھے۔
چیرمین پیپلز پارٹی نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے عالمی امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں وفاقی حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور بجٹ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قومی اہمیت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
