لاہور (الفجرآن لائن)سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار، قبضے اور تجارت کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ مختلف اضلاع میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ 4 افراد کے خلاف مقدمات درج اور 5 ملزمان کو مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا
محکمہ کے مطابق لاہور ریجن سمیت ننکانہ صاحب، قصور، جہلم اور بھکر میں کارروائیاں کی گئیں۔ ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجر سنٹرل زون مدثر حسن اور ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ننکانہ عائشہ صالح نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عام مینا کی غیر قانونی نیٹنگ میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرکے 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
قصور میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عامر جمیل نے سرچ وارنٹ کے تحت ایک گھر پر چھاپہ مار کر دو مور برآمد کیے اور ایک ملزم کو گرفتار کر کے 70 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ ایک اور کارروائی میں ایک شخص کے قبضے سے بھورا تیتر برآمد کرکے اسے 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔تحصیل قصور میں پاک رینجرز کے تعاون سے کتوں کے ذریعے سامبر ہرن کے غیر قانونی شکار میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ اسی نوعیت کی ایک اور کارروائی میں ایک شخص کو 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔جہلم میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ارشد ناز نے طوطوں کے ایک غیر قانونی ڈیلر کو گرفتار کرکے 15 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ عائد کیا اور دو طوطوں کو آزاد کر دیا۔بھکر میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر محمد طارق نے پروٹیکٹڈ ایریا رکھ مانی میں جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکار پر شکار پارٹی کے خلاف مقامی تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا۔
