آن لائن رجسٹریشن میں تیزی، 46 ہزار افراد پورٹل اور 5 ہزار ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ، 41 ہزار عازمین نے سرکاری جبکہ 10 ہزار نے نجی اسکیم چن لی
حج آپریشن مکمل ڈیجیٹل بنانے کی جانب پیش رفت، لازمی رجسٹریشن مہم بلا تعطل جاری
اسلام آباد (الفجر آن لائن) وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور پہلے ہی دو دن میں رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق رجسٹریشن کے ابتدائی مرحلے میں شہریوں کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے، جسے حج آپریشن کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق 46 ہزار افراد نے آن لائن پورٹل کے ذریعے جبکہ 5 ہزار افراد نے پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کی۔ رجسٹرڈ عازمین میں سے 41 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 10 ہزار نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرکاری اسکیم کے لیے رجحان زیادہ رہا۔صوبہ وار اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے 24 ہزار، سندھ سے 16 ہزار، خیبر پختونخوا سے 7 ہزار اور اسلام آباد سے 3 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ اسی طرح بلوچستان سے 800، آزاد کشمیر سے 260 اور گلگت بلتستان سے 77 عازمین نے حج 2027 کے لیے اندراج کروایا۔ترجمان کے مطابق رجسٹرڈ عازمین میں 30 ہزار مرد اور 21 ہزار خواتین شامل ہیں، جبکہ عمر کے اعتبار سے 30 سے 48 سال کے افراد کی تعداد نمایاں ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اس سال نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج آپریشن کو پیپر لیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائز کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ عازمین کو زیادہ سہولت، شفافیت اور تیز رفتار خدمات فراہم کی جا سکیں۔وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج 2027 کی لازمی رجسٹریشن مہم بلا تعطل جاری رہے گی، جبکہ اخراجات، پیکیجز اور دیگر تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مقررہ وقت میں اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ آئندہ مراحل میں انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
