گوادر (الفجرآن لائن) گوادر سے تقریبا 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کے باعث پھنس گئی تھی، کشتی پر 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری سوار تھے کراچی(الفجرآن لائن)پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں ماہی گیر کشتی الجلالی کو کامیابی سے بحفاظت ریسکیو کر لیا جو گوادر سے تقریبا 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کے باعث پھنس گئی تھی۔ کشتی پر سوار کل 19 عملے کے افراد، جن میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے، کشتی کا انجن خراب ہونے کی وجہ سے سمندر میں پھنسے ہوئے تھے۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں جاری مون سون کے دوران موسمی خرابی کے باعث کشتی کے عملے کی جان کو فوری خطرہ لاحق تھا۔ امدادی کال موصول ہوتے ہی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے فوری طور پر پاک بحریہ کے ساتھ رابطہ قائم کیا۔ پی این ایس تیمور کو روانہ کیا گیا تاکہ امدادی کارروائی انجام دی جا سکے اور پھنسی ہوئی کشتی کو مدد فراہم کی جا سکے۔فوری اور بروقت ردعمل کے نتیجے میں ایف وی الجلالی کے عملے کو سمندر میں خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد پھنسی ہوئی کشتی کو حفاظت کے ساتھ ساحل کی جانب لے جایا گیا۔ یہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم اور کسی بھی سمندری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اس کی ہمہ وقت تیاری کی عکاسی کرتا ہے

