کوئٹہ(الفجرآن لائن) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ سورینج میں کوئلہ کان کے افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فی کس پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے شاہد رند نے کہا کہ جاں بحق کان کنوں کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں تک باعزت طریقے سے پہنچانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ مائنز اینڈ منرلز، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر مکمل مستعدی کے ساتھ ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ذریعے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس افسوسناک سانحے پر غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کو یقینی بنایا جائے۔

