بلوچستان میں دہشت گردی بیرونی ایجنڈا ہے، ترجمان پاک فوج نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی، معاونِ داخلہ بلوچستان
کوئٹہ(الفجرآن لائن) معاونِ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں جاری حالیہ دہشت گردی بیرونی طور پر سپانسر شدہ ہے، جسے بھارت اور افغانستان کی مکمل آشیرباد اور سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ‘فتنہ ہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ دونوں کا اصل سرپرست بھارت ہے جو خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔
معاونِ داخلہ بلوچستان نے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) کی حالیہ پریس کانفرنس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترجمان پاک فوج نے آج پوری پاکستانی قوم کے حقیقی جذبات اور امنگوں کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم پریس کانفرنس کے ذریعے بلوچستان کے موجودہ حالات اور چیلنجز کے حوالے سے پوری قوم کو بھرپور شعور اور آگاہی فراہم کی گئی ہے، جس سے دشمن کا بیانیہ ناکام ہو گیا ہے۔
بابر یوسفزئی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی ادارے مل کر ان ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ کر رہے ہیں اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

