وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا ریاست دشمن عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈیرہ بگٹی میں ایف سی بلوچستان کے جوانوں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ریاست کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے حملے میں ایف سی بلوچستان کے دو بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے وطن کے امن، سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھے گی اور ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتی رہے گی میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعا کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز، ایف سی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت، عزم اور قانون کے مطابق جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے امن، ترقی اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا وزیراعلیٰ بلوچستان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل دے، زخمی اہلکاروں کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے ہمیشہ محفوظ رکھے

