اسلام آباد( الفجرآن لائن): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ امن منصوبے کے تحت تخفیف اسلحہ کے عمل پر عملدرآمد کے لیے ‘بورڈ آف پیس’ کے زیر اہتمام ہونے والی حالیہ پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے باضابطہ بیان کے مطابق پاکستان اس اہم پیش رفت کو خطے میں مستقل امن و استحکام کی جانب ایک مثبت اور فیصلہ کن قدم قرار دیتا ہے۔
وزیراعظم نے امن عمل میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ثالث ممالک بشمول ریاست ہائے متحدہ امریکہ، مصر، قطر اور ترکیہ کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ قیادت میں حاصل ہونے والی یہ کامیابی ‘بورڈ آف پیس’ کے لیے ایک نمایاں اور تاریخی سنگ میل ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ان حالیہ مثبت تبدیلیاں کے بعد غزہ امن منصوبے کے تحت کیے گئے تمام باہمی وعدوں پر عملدرآمد کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
پاکستان نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ یہ تمام عالمی کوششیں فلسطینی عوام کے بنیادی حق خودارادیت کی مہم کو منطقی انجام تک پہنچانے کا ذریعہ بنیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ایک معتبر اور وقت سے مشروط سیاسی عمل کا آغاز ناگزیر ہے۔ اس جامع عمل کے نتیجے میں 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک ایسی آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر جڑی ہوئی فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آنا چاہیے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو

