اوگرا نے اگست کیلئے ایل پی جی مہنگی کردی، گھریلو سلنڈر 3001 اور کمرشل سلنڈر 11 ہزار 546 روپے کا ہوگیا
اسلام آباد(الفجرآن لائن) مہنگائی کے دباؤ میں گھرے عوام کیلئے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ اگست 2026 کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست 2026 سے ہوگا۔اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 13 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 241 روپے سے بڑھا کر 254 روپے مقرر کردی گئی ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد گھریلو صارفین کیلئے 11.8 کلو گرام ایل پی جی سلنڈر بھی 152 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔ گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3001 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 2849 روپے میں دستیاب تھا۔اسی طرح کمرشل صارفین کیلئے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 585 روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد کمرشل سلنڈر کی نئی قیمت 11 ہزار 546 روپے ہوگئی ہے۔ اس سے پہلے کمرشل سلنڈر 10 ہزار 961 روپے میں فروخت ہورہا تھا۔اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست 2026 سے ہوگا۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث گھریلو صارفین، تندور مالکان، ہوٹلوں اور دیگر کاروباری شعبوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں نے پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث مشکلات کا اظہار کیا ہے

