برفانی تودے کی تباہی، بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی تلاش میں پاک فوج اور سول ریسکیو ٹیمیں سرگرم
سکردو(الفجرآن لائن) قراقرم کے سلسلہ کوہ کی بلند چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران لاپتہ 10 کوہ پیماؤں میں سے 2 افراد کی لاشیں برآمد کر کے سکردو منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ ان کی شناخت کا حتمی عمل جاری ہے۔
سرچ اینڈ ریسکیو کارروائی کے دوران کے ٹو مہم کے دوران بیمار ہونے والے ایک اطالوی کوہ پیما کو بھی پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت ریسکیو کر لیا۔حکام کے مطابق لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے جاری زمینی سرچ اینڈ ریسکیو مشن کی قیادت معروف پاکستانی کوہ پیما سرباز خان کر رہے ہیں۔ لاپتہ افراد میں امریکہ، چین، نیپال اور عمان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما بھی شامل ہیں، جبکہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔پاک فوج کے ہیلی کاپٹر ریسکیو مشن کے ساتھ ساتھ زمینی سرچ آپریشن میں سول ریسکیو ٹیمیں بھی بھرپور معاونت فراہم کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل براڈ پیک سر کرنے کی کوشش کے دوران کوہ پیماؤں کا ایک گروپ اچانک برفانی تودے کی زد میں آ گیا تھا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

