مزید بارشوں کا امکان برقرار،مون سون فلڈ صورتحال پر تازہ فیکٹ شیٹ جاری کردی گئی
متاثرہ خاندانوں کو حکومتی پالیسی کے تحت مالی معاونت فراہم کی جائے گی، پی ڈی ایم اے
لاہور(الفجرآن لائن) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق تازہ فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے، جس میں حالیہ بارشوں، دریاؤں اور ڈیموں کی صورتحال، جانی نقصانات اور حکومتی اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی، جن میں اٹک میں 75 ملی میٹر، سیالکوٹ 67، جوہرآباد 56، لاہور 46، سرگودھا 44، خوشاب 27، مری 21، پیرودھائی 17، نارووال 15 جبکہ چنیوٹ اور میانوالی میں 7، 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارشوں کے باوجود متعلقہ اداروں نے بیشتر علاقوں سے کم سے کم وقت میں نکاسی آب کو یقینی بنایا، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 85 فیصد، منگلا ڈیم 54 فیصد، تھین ڈیم 46 فیصد، اقر پونگ ڈیم 40 فیصد اور بھاکڑا ڈیم 37 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے
۔فیکٹ شیٹ کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں 45 افراد جاں بحق جبکہ 279 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 33 بوسیدہ عمارتیں گرنے، 6 ڈوبنے، 4 کرنٹ لگنے اور 2 آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کا شکار ہوئے۔پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق بارشوں اور مون سون سے متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

