کوئٹہ (الفجرآن لائن) حکومت بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کو پوری قوت سے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند نے کوئٹہ سے جاری ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف حالیہ کامیاب کارروائی سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مضبوط قومی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کا کہنا تھا کہ بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کا امن خراب کرنے کی ہر بیرونی سازش کو سختی سے ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، اور حکومتِ بلوچستان اس قومی مقصد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شاہد رند نے مزید دہرایا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ صوبے میں مستقل امن و استحکام قائم کیا جا سکے۔ حکومتِ بلوچستان نے عزم ظاہر کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور امن کے دشمنوں کے قلع قمع کے لیے ہر ممکنہ اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جاتے رہیں گے

