کوئٹہ( الفجرآن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی
وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوشکی میں کامیاب کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں بلوچستان کے امن اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دہشت گرد عناصر نہ پہلے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوئے ہیں اور نہ آئندہ کامیاب ہوں گے کیونکہ ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی اور عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہیں
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خلاف قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقی کے سفر کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں اور مؤثر اقدامات بلا تعطل جاری رہیں گے۔

