راولپنڈی (الفجر آن لائن) سیکیورٹی فورسز نے ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشت گردوں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی مؤثر انداز میں نشاندہی کے بعد ٹارگٹڈ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں بھارتی اسپانسرڈ 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موجود اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) کو بھی موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

