پیرو(الفجرآن لائن)جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں سیاحوں کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جس وقت اس چھوٹے طیارے کو حادثہ پیش آیا وہ نازکا لائنز کے قریب پرواز کررہا تھا۔پیرو کی سرکاری حکام کے مطابق حادثے میں 2 عملے کے ارکان کے ہمراہ 11 سیاح سوار تھے جن کا تعلق جرمنی، اٹلی اور اسپین سے تھا۔پیرو کی وزارت ٹرانسپورٹ حکام کے مطابق طیارے کے عملے نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے ہنگامی صورتحال کی اطلاع دی تھی، اس کے بعد کنٹرول ٹاور سے طیارے کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ کی جانب فائر بریگیڈ اور ایمبولینس گاڑیاں بھیجی جاچکی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نازکا لائنز کے قریب آثار قدیمہ کو ہر سال 1 لاکھ سے زائد افراد دیکھنے آتے ہیں اور یہ سیاحوں کے لیے پسندیدہ مقام تصور کیا جاتا ہے

