کوئٹہ (الفجرآن لائن) ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) بلوچستان پیر سے صوبے کے 13 اضلاع کی 62 ہائی رسک یونین کونسلز میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کرے گا۔
اس مہم کا مقصد ان علاقوں میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو جیسے عمر بھر کی معذوری کا باعث بننے والے وائرس سے محفوظ بنانا ہے۔ای او سی بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے کہا کہ یہ خصوصی مہم ان علاقوں میں چلائی جا رہی ہے ۔
جہاں زیادہ نقل و حرکت کرنے والی آبادی موجود ہے اور پولیو وائرس کی گردش (وائرس سرکولیشن) کا خطرہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کی جانب سے پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے اور ہر بچے کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 2 لاکھ 9 ہزار 557 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے 862 موبائل و فیلڈ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
جبکہ 61 فکسڈ ویکسینیشن مراکز اور 72 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں سفر کرنے والے خاندانوں کے بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
انعام الحق نے والدین اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچہ۔
چاہے اسے پہلے بھی متعدد بار پولیو ویکسین پلائی جا چکی ہو، اس خصوصی مہم کے دوران بھی لازمی طور پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس اب بھی صوبے کے بعض علاقوں میں موجود ہے اور اس خطرناک بیماری سے مستقل تحفظ کا واحد مؤثر ذریعہ صرف بروقت اور بار بار پولیو ویکسینیشن ہے

