
کوئٹہ( الفجرآن لائن) بلوچستان حکومت نے سوشل میڈیا پر موسمِ گرما کی تعطیلات میں توسیع کے حوالے سے گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو مکمل طور پر من گھڑت اور جعلی قرار دے دیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ تعطیلات بڑھانے کا کوئی بھی سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، اور انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والا خط قانونی حیثیت سے محروم ہے۔ محکمہ تعلیم نے عوام، والدین، اساتذہ اور طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس جھوٹی خبر پر کان نہ دھریں اور اسے مکمل طور پر نظر انداز کریں۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق، سمر اور ونٹر زون کے تمام سرکاری و نجی اسکول اپنے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق کل، یعنی 3 اگست 2026 بروز پیر سے دوبارہ کھلیں گے۔ اس حوالے سے تمام ڈائریکٹرز آف ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو اسکولوں کو بروقت کھولنے اور احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید برآں، متعلقہ حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اس جعلی نوٹیفکیشن کے خلاف فوری آگاہی مہم چلائیں اور اس کی حقیقت سے تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو باخبر کریں


