لاہور (الفجرآن لائن) پنجاب کے شہریوں کو جعلی شناختوں اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے لوٹنے والے اوڈ گینگ کے خلاف این سی سی آئی اے نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے 28 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 24 موبائل فونز اور ایک لیپ ٹاپ برآمد کرکے کروڑوں روپے کے مالی فراڈ سے متعلق شواہد کی چھان بین شروع کردی گئی۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر کی گئی کارروائیوں میں گرفتار ملزمان شہریوں کو رشتہ دار، ویزا ایجنٹ، سرکاری افسر، بینک اہلکار اور بیرون ملک مقیم افراد ظاہر کرکے مختلف طریقوں سے رقوم بٹورتے رہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور میں 18 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ایک گروہ نے شہری کو رشتہ دار اور ویزا ایجنٹ ظاہر کرکے دھوکا دیا اور اس سے 25 لاکھ 86 ہزار روپے ہتھیائے، جبکہ دیگر کارروائیوں میں ملزمان نے خود کو ڈپٹی ڈائریکٹر اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے اہلکار ظاہر کرکے شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کیے۔
فیصل آباد میں آن لائن ٹریڈنگ اور کمپنی کی ای میل تک غیر مجاز رسائی کے ذریعے فراڈ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار ہوئے۔ ایک کارروائی میں ملزمان نے جعلی ٹریڈنگ، والٹ بیلنس اور منافع کے اسکرین شاٹس دکھا کر شہری کو سرمایہ کاری پر آمادہ کیا۔
جس کے نتیجے میں اسے 54 لاکھ 66 ہزار روپے کا نقصان ہوا۔ملتان میں 7 ملزمان گرفتار کیے گئے جو خود کو برطانیہ میں مقیم شخص، بینک اہلکار یا رشتہ دار ظاہر کرکے شہریوں سے انعامی رقم، کسٹمز کلیئرنس، ٹیکس اور ویزا تجدید کے نام پر رقوم وصول کرتے تھے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے ڈیجیٹل آلات کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔ مالی لین دین، کال ریکارڈ اور دیگر شواہد کی مدد سے گینگ کے مزید ارکان اور نیٹ ورک سے منسلک عناصر تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

