کوئٹہ:(خانزاہ ہونس خلجی) شہر میں موبائل فون کے سگنلز اچانک بند ہونے کے بعد سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر مختلف اہم شاہراہوں اور علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سریاب روڈ، مغربی بائی پاس، مشرقی بائی پاس، اسپنی روڈ، کلی الماس، قمبرانی روڈ اور سی پیک روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر ایف سی اور پولیس کے اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مختلف مقامات پر چوکیاں قائم کرکے گاڑیوں اور افراد کی چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کی آمدورفت پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
موبائل فون سگنلز کی بندش اور شہر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کے باعث شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ تاہم موبائل سروس کی بندش کی حتمی وجہ اور اس کی مدت کے حوالے سے تاحال کوئی سرکاری وضاحت سامنے نہیں آئی۔
سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کی ہدایت کی جا رہی ہے

