قلعہ سیف اللہ( الفجرآن لائن) ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ ساگر کمار کی ہدایت پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کے خیرمقدم میں ضلع بھر کے اہم مقامات پر پینا فلیکس آویزاں کر دیے گئے۔پینا فلیکس کے ذریعے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور دفاعی تعاون کے فروغ کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد تینوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور تاریخی دفاعی شراکت داری کے حوالے سے عوامی جذبات کی عکاسی کرنا ہے ڈپٹی کمشنر ساگر کمار نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور دفاعی شراکت داری مزید مضبوط ہونے سے برادرانہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ترکیہ پاکستان کے برادر اسلامی ممالک ہیں اور پاکستانی عوام دونوں ممالک کے ساتھ گہری محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں طے پانے والا یہ تاریخی معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان اتحاد، اخوت اور مشترکہ سلامتی کے عزم کا مظہر ہے۔

