کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے شہریوں اور بچوں میں قومی پرچم تقسیم کیے اور بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں۔ بچوں نے مشیر مینا مجید بلوچ کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا اور جشن آزادی کے حوالے سے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔مینا مجید بلوچ نے کہا کہ جشن آزادی ہماری قومی خوشیوں اور تجدید عہد کا دن ہے۔ نوجوان اور بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، انہیں قومی تقریبات میں بھرپور طور پر شریک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں قومی جذبے سے بھرپور تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں عوام بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کی شرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

