![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/3CA438CA-1206-4D53-AEFB-49A59A61EA7A.webp)
اسلام آباد : چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال سے دودھ، آٹا، دال، چاول ،مصالحوں سمیت تمام پیکٹ بند اشیاء پر18فیصد سیلز ٹیکس عائد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور نمائندہ انڈسٹری شیخ وقار احمد نے شرکت کی۔ چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ مالی سال سے دودھ، آٹا، دال، چاول، دالوں،چینی ،مصالحوں سمیت تمام پروسیسنگ اور پیکنگ والی اشیاء پر 18فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے، عام دکانوں پر فروخت ہونیوالی کھلی اشیاء پر اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے بچوں کے ڈبہ بند فارمولہ دودھ پر عائد 18فیصد جی ایس ٹی میں کمی کی سفارش کی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ 18فیصد جی ایس ٹی لوکل پراسیسڈ دودھ پر لگایا گیا ہے، یہ فارمولہ دودھ غریب مائیں بچوں کیلئے استعمال نہیں کرتیں۔انہوں نے کہاکہ گاؤں میں کبھی غریب بندے کوبچوں کیلئے مہنگا فارمولہ دودھ خریدتے نہیں دیکھاگیا، یہ دودہ فروخت کرنے والی کمپنی کے ڈیلرزاورڈسٹری بیوٹرزبھی غیر رجسٹرڈ ہیں،غیررجسٹرڈ آؤٹ لیٹس کو فروخت کرنیوالی کمپنی کو ٹیکس چوری پر بلیک لسٹ کیا جائے گا۔
اجلاس میں سینیٹر فاروق نائیک نے تجویز دی کہ سیلز ٹیکس ان ڈائریکٹ ٹیکس ہے جس سے عام صارفین کو ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ملک میں خواتین کی اکثریت بچوں کیلئے فارمولہ دودھ استعمال کرتی ہے، ڈبہ پیک دودھ تیار کرنے والی کمپنی تین چار سال سے قیمتیں بڑھا رہی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ کمپنیوں نے ایک ڈبہ دودھ کی قیمت 800تک کردی ہے اور ٹیکس میں کمی کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں، کمپنی اگر ڈبہ دودھ کی قیمت کم کرے تو ہم ٹیکس میں کمی پر غور کریں گے، 600روپے ڈبے کی قیمت پر 18فیصد جی ایس ٹی کے حساب سے قیمت میں کمی کی جائے۔