ملتان (الفجر آن لائن) ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں مبینہ طور پر گداگری کے لیے سعودی عرب جانے والے خاتون سمیت 2 مسافروں کو آف لوڈ کردیا، دونوں مسافروں کو مزید قانونی کارروائی اور مبینہ ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل ملتان منتقل کردیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے ملتان زون کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں میں محمد وقاص اور نجمہ بی بی شامل ہیں، جن کا تعلق لودھراں سے ہے۔ دونوں مسافر فلائٹ نمبر PF702 کے ذریعے ملتان سے سعودی عرب روانہ ہونے والے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں مسافروں کے سعودی عرب جانے کے مقصد کے حوالے سے شکوک پیدا ہوئے، جبکہ دونوں مبینہ طور
پر گداگری کی غرض سے سعودی عرب جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ مسافروں نے بیرون ملک سفر اور امیگریشن کلیئرنس کے حوالے سے مجموعی طور پر 3 ایجنٹوں سے رابطہ کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق دونوں مسافر اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ سعودی عرب کا سفر کرچکے ہیں، تاہم ان کا سابقہ سفری ریکارڈ اور ذرائع آمدن آپس میں مطابقت نہیں رکھتے تھے، جس کے بعد انہیں آف لوڈ کرکے مزید تفتیش کے لیے متعلقہ سرکل منتقل کردیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں سے مزید تفتیش کے ذریعے مبینہ ایجنٹوں کی نشاندہی اور معاملے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

