کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی ریاستی اداروں کے پختہ عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی عکاس ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت تین دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور مؤثر کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
دہشت گرد عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں اس عزم کا اظہار ہیں کہ ریاست امن دشمن قوتوں کو بلوچستان میں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی اجازت نہیں دے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور حکومت ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں ہے، دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ریاست کا عزم برقرار رہے گا اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

