کوئٹہ(الفجرآن لائن) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حادثات کے فوری رسپانس اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ایمرجنسی ایمبولینس سروسز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ ہائی ویز سمیت مختلف مقامات پر حادثات کی صورت میں حکومت بلوچستان کے قائم کردہ مرک 1122 مراکز پر متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ضرورت کے مطابق ٹراما سینٹرز اور دیگر صحت کی سہولیات میں منتقل کیا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ای آر سی 1122 ہیڈ آفس میں 9 نئی ایمبولینسز کی فراہمی کی تقریب رونمائی اور ایمرجنسی رسپانس سوفٹویئر کے افتتاح کے دوران کیا۔
تقریب سے اپنے خطاب میں ڈی جی ایم ای آر سی 1122 ذوالفقار جتوئی نے کہا کہ جدید ایمبولینسز اور ڈیجیٹل رسپانس سوفٹویئر کے ذریعے ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم مزید بہتر ہوگا اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر محمد امین مندوخیل نے کہا کہ محکمہ صحت ایمرجنسی سروسز کو مزید مؤثر بنانے اور صوبے کے دور دراز علاقوں تک بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ایمبولینس سروس کے بیڑے میں 9 نئی ایمبولینسز شامل کی گئی ہیں جو ایڈوانس لائف سپورٹ کی سہولت سے لیس ہیں۔ ان ایمبولینسز کے اضافے سے سروس کا دائرہ کار مزید وسیع ہوگا اور حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو بروقت طبی امداد اور محفوظ منتقلی کی سہولت میسر آئے گی۔ جہاں مرک 1122 کے تمام ریسکیورز 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن انتہائی مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حادثات کی صورت میں فوری رسپانس کے باعث متعدد قیمتی انسانی جانیں بچائی گئی ہیں۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ہم بہت جلد بلوچستان کے تمام ایمبولینس کو 1122 کے کنٹرول اینڈ کمانڈ میں لارے ہیں تاکہ باقی صوبوں کی طرح بلوچستان کے عام عوام ایمبولینس سروس سے مستفید ہو سکیں۔
انھوں نے کہا کے کہ ہم سی ایم بلوچستان کے وژن کے مطابق شعبہ صحت میں انقلابی اصلاحات کر رے ہیں تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچیں۔مرک 1122 کے ایمرجنسی رسپانس سوفٹویئر کے ذریعے بلوچستان بھر میں موجود ایمبولینسز کی مؤثر ٹریکنگ ممکن ہوگی۔ اس نظام کے تحت کسی بھی ضلع میں موجود ایمبولینس کی موجودہ پوزیشن، دستیابی اور نقل و حرکت کا بروقت معلومات حاصل کیا جا سکے گا، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قریب ترین ایمبولینس کو منظم اور مؤثر انداز میں جائے حادثہ پر روانہ کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی وسیع و عریض جغرافیائی حدود میں عوام کو بروقت صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹلائزیشن واحد مؤثر راستہ ہے۔ جدید سوفٹویئر کے ذریعے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ایمبولینسز کی مؤثر مانیٹرنگ، بہتر انتظام اور ہنگامی حالات میں فوری رسپانس کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔صوبائی وزیر صحت نے ریسکیو ٹیم، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، متعلقہ افسران اور فیلڈ میں دن رات خدمات انجام دینے والے تمام مرک 1122 اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بلوچستان میں ایک ماڈل ایمرجنسی سروس بن چکی ہے۔ حکومت بلوچستان کے تعاون سے ان سروسز کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ صوبے کے کسی بھی علاقے میں خدانخواستہ حادثے کی صورت میں متاثرین کو بروقت طبی امداد، ابتدائی طبی سہولت اور صحت کے مناسب مرکز تک منتقلی کی سہولت میسر ہو اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

