لاہور (الفجرآن لائن)شہر میں 29 لاکھ گاڑیوں کو ای چالان ڈیفالٹر قرار دیے جانے کے بعد چیف ٹریفک آفیسر نے نادہندہ گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ ٹریفک پولیس نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جبکہ سب سے زیادہ ای چالان والی ٹاپ 100 گاڑیوں کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق 10 گاڑیوں پر 300 سے زائد، 307 گاڑیوں پر 200 سے زائد جبکہ 4 ہزار سے زائد گاڑیوں پر 100 سے زائد ای چالان پینڈنگ ہیں۔ متعدد گاڑیوں نے سینکڑوں مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
سی ٹی او کے مطابق 20 سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر اے این پی آر کی مدد سے ای چالاننگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ای چالان نادہندہ گاڑی پکڑے جانے پر اسے فوری طور پر تھانے میں بند کروانے کا حکم دیا گیا ہے، جس کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی متحرک کردی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ای چالان ڈیفالٹرز کو پولیس کی 14 اہم سروسز کی فراہمی محدود کردی گئی ہے۔ نادہندگان کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خدمات، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر پولیس سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی

