اسلام آباد(الفجر آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثرہ کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم پر عمل درآمد اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ منصوبے کے افتتاح کے بعد اب اسے ملک بھر سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اسکیم کو عوام کے لیے آسان اور سادہ بنایا گیا ہے جبکہ رجسٹریشن کے لیے صرف چار بنیادی معلومات درکار ہیں۔حکام کے مطابق درخواست گزار کو اپنا شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، گاڑی کی
رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ فراہم کرنا ہوگی۔ کامیاب رجسٹریشن کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ملک گیر سطح پر اسکیم کے نفاذ کے لیے صوبائی حکومتیں بھی بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو سبسڈی کے حصول میں آسانی فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ سہولت ڈیسک پر موجود عملہ اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کرے اور رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں عوام کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام میں اسکیم کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کو طریقہ کار، اہلیت اور رجسٹریشن کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں

