اسلام آباد(الفجر آن لائن) پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان اگلی قسط کے حصول کے لیے اقتصادی جائزے پر مذاکرات کا شیڈول سامنے آگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن 23 ستمبر کو پاکستان پہنچے گا اور مذاکرات کے لیے تقریباً دو ہفتے قیام کرے گا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن کے حکام وزارت خزانہ اور وفاقی بورڈ برائے محصولات کے حکام کے ساتھ مذاکرات کریں گے، جن میں پاکستان کی جانب سے جون 2026 تک حاصل کیے گئے تمام معاشی اہداف کا جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات کے دوران توانائی کے شعبے کے گردشی قرضے سمیت مختلف معاشی امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران مقرر کیے گئے معاشی اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ان اہداف کے حصول کی صورتحال بھی زیر بحث آئے گی۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے نئے معاشی اہداف اور شرائط بھی سامنے آنے کا امکان ہے، جن پر پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں گے۔
اقتصادی جائزے کی تکمیل کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے پروگرام کے تحت پاکستان کی آئندہ قسط سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ تاہم مذاکرات کے نتائج اور نئی شرائط سے متعلق حتمی صورتحال بات چیت مکمل ہونے کے بعد واضح ہوگی۔

