لودھراں (الفجرآن لائن): لودھراں کے ایک نجی سکول میں کلاس روم کے اندر کھیل کے دوران کیمیکل کی بوتل گر کر ٹوٹنے سے 14 بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرہ بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لودھراں کے ‘رحمان پبلک سکول’ میں پیش آیا، جہاں کلاس روم میں بچے کھیل کود میں مصروف تھے۔ کھیل کے دوران اچانک بچوں کی گیند (بال) اوپر رکھی ہوئی کیمیکل کی ایک بوتل سے جا ٹکرائی۔ گیند لگنے کے باعث بوتل نیچے گر کر ٹوٹ گئی اور اس میں موجود تیزاب نما کیمیکل کے چھینٹے کلاس روم میں موجود بچوں پر پڑ گئے، جس کے نتیجے میں 14 بچے جھلس کر زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں محض 3 منٹ کے ریکارڈ رسپانس ٹائم میں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شکیل احمد نے ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی۔ آپریشن میں 4 ایمبولینسز، 2 موٹر بائیکس، ایک ریسکیو وہیکل اور ایک فائر وہیکل نے حصہ لیا۔ تمام 14 زخمی بچوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال لودھراں منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز ان کا علاج کر رہے ہیں۔ ریسکیو کنٹرول روم کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے

