کوئٹہ(الفجرآن لائن) ضلعی انتظامیہ نے شہر میں خودساختہ مہنگائی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شکنجہ سخت کرتے ہوئے ایک بڑی کارروائی کے دوران 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ آپریشن عوامی شکایات پر گرانفروشوں کے خلاف شروع کی جانے والی مہم کا حصہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (سریاب) کیپٹن (ر) کبیر مزاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیٹلائٹ ٹاؤن، ایسٹرن بائی پاس اور بھوسہ منڈی کے تجارتی مراکز اور بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف دکانوں پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں اور سرکاری پرائس لسٹ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق تفتیش اور چیکنگ کے دوران کئی دکاندار سرکاری نرخنامے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے، جو غریب عوام کو مقررہ قیمتوں سے زائد پر اشیاء فروخت کر رہے تھے۔ انتظامیہ نے موقع پر ہی کارروائی کرتے ہوئے 9 گرانفروشوں کو حراست میں لے کر جیل منتقل کر دیا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کر لیے گئے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی تاجر یا دکاندار کو ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے آنے والے دنوں میں بھی ایسی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

