کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے علاقے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف ایک بڑی اور انتہائی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 16 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ صوبائی حکومت کے ترجمانوں کے مطابق، یہ کارروائی دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز میں ایک اہم اور بڑی پیش رفت ہے۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق، دہشتگردوں نے مستونگ کی کنک وادی میں قائم ایک سیکیورٹی چوکی پر حملے کی بزدلانہ کوشش کی تھی۔ چوکی پر موجود سیکیورٹی فورسز کے مستعد جوانوں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے اس حملے کو ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں 9 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ابتدائی فائرنگ کے تبادلے کے بعد چند دہشتگرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کا تعاقب جاری رکھا۔ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو گھیر کر مزید 7 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، جس سے ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی کل تعداد 16 ہو گئی ہے۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 3 موٹرسائیکلیں اور بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان بھی زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ صوبائی قیادت نے زخمی جوان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
معاون اطلاعات شاہد رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ‘ردالفتنہ 3’ کے تحت دہشتگردوں کے خلاف گرینڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں۔ بابر یوسفزئی نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و استحکام کی بحالی اور عوام کے تحفظ کے لیے ریاستی ادارے اور صوبائی حکومت متحد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی یہ مؤثر کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں گی۔

