کوئٹہ(الفجرآن لائن) ایڈیشنل آئی جی پی و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد کی سربراہی میں قائم ریکروٹمنٹ کمیٹی اور ڈپٹی کمانڈنٹ، ڈی آئی جی پولیس محترمہ شہلا قریشی کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ پولیس کوئٹہ میں جوانوں کی بھرتی کا عمل انتہائی شفاف انداز میں میرٹ کی بنیاد پر مکمل کر لیا گیا۔ بھرتی کے دوران تمام امیدواروں کے لیے یکساں مواقع اور مقررہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔بھرتی کے عمل کے نتیجے میں جنرل کیڈر میل کوٹہ کے تحت 298، لیڈیز کوٹہ میں 44 جبکہ اقلیتی کوٹہ کے تحت 07 جوانوں کی بھرتی عمل میں لائی گئی، یوں مجموعی طور پر 349 جوانوں کو ڈسٹرکٹ پولیس کوئٹہ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بھرتی کے پورے عمل میں میرٹ، شفافیت اور مقررہ طریقہ کار کو بنیادی اہمیت دی گئی، جبکہ امیدواروں کی اہلیت اور دیگر مقررہ تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا۔ بھرتی کے عمل کی نگرانی اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے کی گئی تاکہ کسی بھی مرحلے پر میرٹ اور شفافیت پر سمجھوتہ نہ ہو۔پولیس حکام نے کہا کہ نئی بھرتیوں سے ڈسٹرکٹ پولیس کوئٹہ کی افرادی قوت میں اضافہ ہوگا، جس سے پولیس فورس کو مزید منظم، فعال اور مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔
نئے بھرتی ہونے والے جوانوں کی شمولیت سے کوئٹہ شہر میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پولیسنگ کے دیگر فرائض کی انجام دہی کے لیے دستیاب نفری میں اضافہ ہوگا۔پولیس حکام کے مطابق بلوچستان پولیس میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اصول کے طور پر برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ اہل، باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو پولیس فورس میں خدمات انجام دینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ 349 نئے جوانوں کی شمولیت سے ڈسٹرکٹ پولیس کوئٹہ کو ایک تازہ دم اور مزید فعال افرادی قوت میسر آئے گی، جو شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرے گی۔

