اسلام آباد (الفجرآن لائن) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے بلوچستان کے علاقے نوشکی میں پولیو ٹیم پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے حملے کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں محمد یاسر اور عبدالروف کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جوانوں کی قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز ہمارے بچوں کو معذوری سے بچانے اور انہیں ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کے لیے انتہائی کٹھن حالات میں اپنا قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے کام کرنے والے یہ ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکار دراصل قوم کے حقیقی محسن ہیں جن کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ پولیو ٹیموں پر حملے دراصل پاکستان کے بچوں کے محفوظ مستقبل پر حملہ ہیں۔ انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ دہشتگرد عناصر صحتِ عامہ کی اس اہم ترین قومی مہم کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ریاست اور قوم مل کر دہشتگردی کے خلاف پوری طرح متحد ہیں اور امن دشمن عناصر کے ایسے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو کے خلاف قومی مہم کسی بھی خوف کے بغیر ہر صورت جاری رہنی چاہیے۔ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ایسے بزدلانہ اقدامات سے ہمارے حوصلے پست نہیں

