کوئٹہ (الفجرآن لائن): بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (بیف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نیسٹ)، بلوچستان کیمپس کوئٹہ کے مختلف بی ایس، ایم ایس اور ایم فل پروگرامز میں زیرِ تعلیم 45 ہونہار طلبہ و طالبات کو میرٹ پر بیف اسکالرشپ پروگرام کے لیے منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوان اپنی محنت، عزم اور قابلیت کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی کا کہنا تھا کہ بیف کی جانب سے میرٹ پر منتخب طلبہ و طالبات کو تعلیمی معاونت فراہم کرنے کا بنیادی مقصد انہیں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے حصول میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی طالب علم کی تعلیمی پیش رفت مالی مشکلات کے باعث متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں تک ان کی رسائی بلوچستان کے علمی، سائنسی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے۔ بیف مختلف اسکالرشپ پروگرامز کے ذریعے باصلاحیت اور مستحق طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معاونت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نیسٹ) بلوچستان کیمپس کوئٹہ میں زیرِ تعلیم منتخب ہونے والے 45 طلبہ و طالبات مختلف جدید اور روایتی تعلیمی پروگرامز میں اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان پروگرامز میں بی ایس کمپیوٹر سائنس، بیچلر آف انجینئرنگ سول انجینئرنگ، بی ایس مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس)، ایم ایس کمپیوٹر سائنس، ایم فل و ایم ایس سول انجینئرنگ، اور ایم فل و ایم ایس مائننگ انجینئرنگ شامل ہیں۔ ان جدید شعبوں میں اسکالرشپ کی فراہمی صوبے میں سائنسی ترقی کی راہ ہموار کرے گی۔
خالد ماندائی نے واضح کیا کہ یہ تمام تر اقدامات وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ، میرٹ کی حوصلہ افزائی اور نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیمی مواقع میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (بیف) بھی اسی وژن کے تحت کام کرتے ہوئے مختلف اسکالرشپ پروگرامز کے ذریعے طلبہ و طالبات کو تعلیمی معاونت فراہم کر کے بااختیار بنا رہا ہے۔
سی ای او بیف نے کہا کہ کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت، سول انجینئرنگ اور مائننگ انجینئرنگ جیسے اہم اور جدید شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان بلوچستان کے مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ایسے باصلاحیت طلبہ و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر مالی معاونت فراہم کرنا انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور جدید علمی و پیشہ ورانہ میدانوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے منتخب طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم میں محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو برقرار رکھیں اور حاصل ہونے والے تعلیمی مواقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مستقبل میں بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
آخر میں بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (بیف) کی جانب سے نیسٹ کوئٹہ کیمپس کے تمام 45 منتخب طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے روشن، کامیاب اور بامقصد مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا

