موجودہ دورے کے دوران پاکستان کے ساتھ اہم مالیاتی پروگرامز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، آئی ایم ایف حکام کی تصدیق
اسلام آباد (الفجرآن لائن) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستانی حکام کے درمیان اقتصادی و مالیاتی امور پر مذاکرات کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے حکام نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ موجودہ دورے کے دوران پاکستان کے ساتھ اہم مالیاتی پروگرامز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
آئی ایم ایف ذرائع کے مطابق عالمی ادارے کے وفد کی قیادت آئیوا پیٹرووا کر رہی ہیں۔ مذاکرات کے دوران بنیادی طور پر ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی کے تحت اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ اس کے علاوہ آر ایس ایف اور آرٹیکل فور مشاورت کے تحت بھی تفصیلی بات چیت جاری ہے۔موجودہ اقتصادی سیشنز میں پاکستان کے مجموعی معاشی اور مالیاتی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملکی معیشت کو استحکام کی طرف گامزن رکھنے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جا سکے گا۔

